ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / پرسنل لاء کے خلاف حلف نامہ، بی جے پی کی ہمالیائی غلطی: مسلم لیگ

پرسنل لاء کے خلاف حلف نامہ، بی جے پی کی ہمالیائی غلطی: مسلم لیگ

Tue, 11 Oct 2016 19:59:56  SO Admin   S.O. News Service

گلبرگہ11اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مولانا محمد نوح کی اطلاع کے بموجب کل چینائی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الحاج پروفیسر کے ایم قادر محی الدین قومی جنرل سیکریٹری و ریاستی صدرانڈین یونین مسلم لیگ نے کہا ہے کہ مرکز کی بی جے پی زیر قیادت حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں داخل کردہ حلف نامہ شریعت میں بیجا مداخلت کی مذموم کوشش ہے۔ پروفیسر قادر محی الدین نے مسلم پرسنل لاء کے خلاف سپریم کورٹ میں داخل کردہ حلف نامہ کو ایک ہمالیائی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ملک میں یکساں سیول کوڈلاگو کرنے کا اپنا دیرینہ خواب پورا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم پرسنل لاء قرآن و حدیث پر مبنی ہے اس میں نہ پارلیمنٹ کو تبدیلی کا اختیار ہے نہ عدالت اپنے طور پر اس کی تشریح کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستان کے تمام مسلمان اس بات پر متفق ہیں کہ اُن کے شرعی قوانین ہی ان پر نفاد ہوتے ہیں۔ پروفیسر کے ایم قادر مُحی الدین نے مزید کہا ہے کہ بی جے پی حکومت نے مسلمانوں کو اُن کے مذہبی حقوق سے محروم کرنے کی ایک زبردست سازش کے تحت سپریم کورٹ میں شریعت مخالف حلف نامہ داخل کیا ہے اور یکساں سیول کوڈ لاگو کرنے کی حمایت کی ہے۔ پروفیسر قادرمُحی الدین نے علماء ودانشواران ملت سے اپیل کی ہے کہ وہ یکساں سیول کوڈ لاگو کرنے بی جے پی کے خطرناک عزائم سے مسلمانوں کو واقف کروائیں اورتحفظ شریعت کیلئے مسلمانوں کو متحد ومنظم کریں۔


Share: